'اسرائیل کیساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی کوشش ناقابل معافی غلطی ہو گی'

'اسرائیل کیساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی کوشش ناقابل معافی غلطی ہو گی'

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ دھوکے باز اور جابر اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی کوشش ناقابل معافی غلطی ہو گی۔ ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام مسلم ممالک کے لوگ اسرائیل کو شکست دیں جس کے لئے ایک جدوجہد اور منصوبہ بندی کرنی چاہیے تاکہ دشمن کو پیچھے کی جانب دھکیلا جاسکے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای کا بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے کہ جب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی جریدے کو انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ اسرائیل کو اپنی زمین پر امن سے رہنے کا حق حاصل ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ تمام مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت کی حمایت کریں اور ایران فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی مدد جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں: چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ شدت اختیار کر گئی

آیتہ اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھوکے باز، جھوٹا اور جابر ملک ہے جس سے مذاکرات کی کوشش فلسطینیوں کی فتح کو پیچھے دھکیل دے گی اور یہ ناقابل معافی غلطی ہو گی۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد سے انٹرویو کے دوران میزبان نے جب سوال کیا کہ یہودیوں کو اپنے قدیم آبائی علاقوں میں کم از کم جزوی طور پر ایک خودمختار ریاست کا حق ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ تمام لوگوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایک پرامن ریاست میں رہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو اپنی اپنی زمین کا حق حاصل ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: روس، ترکی کو جدید ترین فضائی دفاعی نظام ایس 400 فراہم کرے گا

سعودی ولی عہد کے اس بیان کے بعد ان کے والد شاہ سلمان نے سعودی عرب کی فلسطینی ریاست کے لیے حمایت کا اعادہ کیا تھا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں