ہرن شکار کیس، سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا

ہرن شکار کیس، سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا

جودھ پور: بھارتی عدالت نے ہرن کیس میں سلمان خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قید کی سزا سنا دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کے خلاف کالے ہرن شکار کے کیس کا فیصلہ جودھ پور کی عدالت میں سنادیا گیا۔ فیصلے میں سلمان خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے  پانچ سال قیداور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔مقدمے میں شامل دیگر ملزمان اداکار سیف علی خان، سونالی باندرے، نیلم اور تبو کو بری کر دیا گیا ہے۔

سلمان خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا اور انہیں جودھ پور کی سنٹرل جیل بھیجا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکار کمال راشد خان کینسر کے عارضے میں مبتلا

اداکار سلمان خان پر الزام  تھا کہ انہوں نے 19 سال قبل 1998 میں راجستھان کی ریاست جودھ پور میں فلم’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘کی شوٹنگ کے دوران اجازت نہ ہونے کے باوجود نایاب کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا۔ سلمان خان کے ساتھ اس مقدمے میں اداکارہ سونالی باندرے ، تبو ، نیلم اور اداکار سیف علی خان بھی نامزد تھیں۔

کیس کی گزشتہ سماعت 30 مارچ کو ہوئی تھی جس میں جودھ پور عدالت کے جج مجسٹریٹ دیو کمار کھتری نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیس کا فیصلہ 5 اپریل کو سنایا جائے گا اس موقع پر انہوں نے سلمان خان سمیت مقدمے میں شامل دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: آئٹم سانگز صرف فحاشی کو بڑھاوا دیتے ہیں، کنگنا رناوت

عدالت کے حکم کے مطابق سلمان خان اپنے اہل خانہ کے ہمراہ جودھ پور پہنچے جبکہ مقدمے میں شامل دیگر اداکار گزشتہ روز ہی جودھ پور پہنچ گئے تھے۔ اس موقع پر عدالت کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کئے گئے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں