کشمیر پر سلامتی کونسل نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی، ملیحہ لودھی

کشمیر پر سلامتی کونسل نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی، ملیحہ لودھی
کیپشن: مقبوضہ علاقوں میں لوگوں سے وعدے پورے نہ کرنا سلامتی کونسل کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ملیحہ لودھی۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نیو یارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کشمیر پر قرار دادوں پر عمل درآمد نہ کرا کے سلامتی کونسل نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی۔

ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے مذاکراتی عمل پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ غیر مستقل ارکان ہی سلامتی کونسل کی کارروائیوں اور ضوابط میں اصلاحات کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں لوگوں سے وعدے پورے نہ کرنا سلامتی کونسل کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اپنے مفادات کو عالمی ذمہ داریوں پر فوقیت دیتے آئیں ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مستقل اور غیر مستقل رکنیت کا باہمی تناسب غیر مستقل ارکان کے حق میں بڑھایا جائے۔ سلامتی کونسل اصلاحات کے عمل کو مخصوص ممالک کی خواہشات کے تابع نہیں کیا جا سکتا۔