روپے کی قدر میں کمی کا کوئی امکان نہیں، وزیر خزانہ

روپے کی قدر میں کمی کا کوئی امکان نہیں، وزیر خزانہ
کیپشن: افواہیں نہ پھیلائیں اور ڈالر خرید کر پیسہ ضائع نہ کریں، اسد عمر۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ روپے کی قدر مارکیٹ سے ہم آہنگ ہو گئی ہے جسے مصنوعی طور پر اونچا رکھا گیا تھا اور اسٹیٹ بینک نے بھی یہ بات کی ہے۔ وزیر خزانہ نے مشورہ دیا کہ افواہیں نہ پھیلائیں اور ڈالر خرید کر پیسہ ضائع نہ کریں۔

اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے بہت مشکل فیصلے کئے ہیں اور تبدیلی کو عام طور پر پسند نہیں کیا جاتا ہے اور اس سے تباہی بھی ہوتی ہے تاہم دنیا کے نظام کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں جبکہ تبدیلی کو مرحلہ وار متعارف کرانا چاہیے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ شرح تبادلہ کے لیول پر بات نہیں ہوئی اور ہمیں اپنے قوانین کو دنیا کے بہترین طریقوں پر منتقل کرنا ہے اور ہمیں سرکاری سوچ سے نکلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ بچتوں کے فروغ میں اپنی صلاحیت سے کم نتائج دے رہی ہے۔ پاکستان 300 ارب ڈالر کی معیشت ہے اور دنیا کھربوں ڈالر کی مارکیٹ ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کا حجم معاشی نمو کے مقاصد نہیں دے رہی اور مارکیٹ ضرورت سے زائد ریگولیٹڈ ہے۔