نیب نے آج شرمناک حرکت کی ہے، حمزہ شہباز

نیب نے آج شرمناک حرکت کی ہے، حمزہ شہباز
کیپشن: میرے پاس عدالتی فیصلہ موجود ہے جس میں لکھا ہے کہ گرفتاری سے 10 روز قبل آگاہ کیا جائے گا، حمزہ شہباز۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم نے دیکھا کس طرح چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور نیب نے شرمناک حرکت کی۔ گرفتاری کی کوشش عدالتی فیصلے کی توہین ہے۔

حمزہ شہباز کے وارنٹ کے باوجود گرفتاری کے بغیر نیب ٹیم کے واپس جانے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ جب بھی نیب نے طلب کیا پیش ہوا، شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ میں گرفتار کر لیا گیا۔ آج کے نیب کے رویے سے مجھے محسوس ہوا کہ ہم دہشت گرد ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ میرے پاس عدالتی فیصلہ موجود ہے جس میں لکھا ہے کہ گرفتاری سے 10 روز قبل آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے باوجود آج نیب کی جانب سے گھر پر دھاوا بول کر عدالتی فیصلے کی توہین کی گئی۔ نیب نے چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گرفتاری کی کوشش کی۔ یہ شرمناک حرکت ہے۔