حمزہ شہباز نے گرفتاری نہ دے کر قانون کی خلاف ورزی کی:ترجمان نیب

حمزہ شہباز نے گرفتاری نہ دے کر قانون کی خلاف ورزی کی:ترجمان نیب
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:ترجمان نیب نے کہا ہے کہ نیب ٹیم حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے گئی ،حمزہ شہباز نے گرفتاری نہ دے کر قانون کی خلاف ورزی کی اورحمزہ شہباز کی گرفتاری روکنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کے گھر پر نیب ٹیم کی جانب سے چھاپہ مار ا گیا جہاں حمزہ شہباز نے گرفتاری نہ دی ۔اس حوالے سے ترجمان نیب نے کہا کہ حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں اور چیئرمین نیب نے دونوں کی گرفتاری کی منظوری دی۔

ترجمان نیب نے مزید کہا کہ نیب سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں حمزہ شہباز کو گرفتار کرے گی،سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کسی ملزم کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنا ضروری نہیں،گارڈز کی جانب سے نیب ٹیم کو جان سے مارنے کی بھی دھمکیاں دی گئیں جبکہ حمزہ شہباز کے گارڈز نے نیب ٹیم کو زدوکوب کیا اور کپڑے پھاڑ دئیے۔

ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری کے ٹھوس شواہد موجود ہیں،وارنٹ گرفتاری مبینہ منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے پر جاری کیے گئے جبکہ چیئرمین نیب نے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ۔