مریم نواز کی طبیعت بگڑ گئی

مریم نواز کی طبیعت بگڑ گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی طبیعت پھر بگڑ گئی ہے اور ان کے کے گلے میں شدید درد کی شکایت ہے جس کے باعث ڈاکٹروں کے مشورے پر ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کروا لیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کچھ دنوں سے بیمار ہیں اور گلے میں شدید درد اور بخار کی وجہ سے ان کا کورونا ٹیسٹ کروایا گیا تھا جو منفی آیا تھا تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کی طبیعت دوبارہ خراب ہونے پر ایک مرتبہ پھر ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ لیا گیا ہے جس کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے تاہم ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے اور اب وہ صحت بہتر ہونے کے بعد ہی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گی۔ 
مریم نواز کی طبیعت خراب ہونے پر شریف خاندان کے ذاتی چیف معالج ڈاکٹر عدنان گزشتہ دنوں خصوصی طور پر لندن سے لاہور پہنچے تھے اور ان کی ہدایت پر ہی مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ لئے گئے جن کی رپورٹس موصول ہونے پر ہی آئندہ کے علاج کا طریقہ وضع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مریم نواز کو تھائی رائیڈ کا مرض بھی لاحق ہے اور ڈاکٹرز نے انہیں تھائی رائیڈ کا آپریشن بھی تجویز کر رکھا ہے تاہم اب ان کی صحت سے متعلق تازہ ترین صورتحال کے پیش نظر ڈاکٹر عدنان نئی طبعی رپورٹس کی روشنی میں علاج تجویز کریں گے اور تھائی رائیڈ کے آپریشن سے متعلق بھی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔