نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ سے خواجہ سرا کو قتل کردیا

نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ سے خواجہ سرا کو قتل کردیا
سورس: screen shot

کراچی ، نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کرفائرنگ سے خواجہ سرا کو قتل کردیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی تھانے کے علاقے کورنگی سیکٹر9 بلال کالونی کے قریب کچی آبادی کے ایک گھر میں  2 نامعلوم مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کرفائرنگ کرکے خواجہ سراکوشدید زخمی کردیااورفرارہوگئے۔

شدید زخمی خواجہ سراکو جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑگیا۔ اس حوالے سے ایس پی ڈی اولانڈھی اقبال اعوان اور ایس ایچ اوعوامی کالونی ہمایوں خان نے بتایا کہ مقتول خواجہ سرا کی شناخت 60 سالہ محمد صدیق عرف ممتازکے نام سے کرلی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  مقتول خواجہ سرا دیگرخواجہ سراؤں کا گروتھا۔دونامعلوم ملزمان نے گھر میں داخل ہونے کے بعد پہلے اس کا نام پوچھا اس کے بعد فائرنگ کی اور فرار ہوگئے ۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ  ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم جائے واردات پرکرائم سین انویسٹی گیشن کی ٹیم موقع پرپہنچ گئی ہے اور شواہد اکٹھا کررہی ہے جبکہ پولیس کو جائے وقوع سے 30 بور پستول کے 2 خول ملے ہیں جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اورواقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے جلد مقتول خواجہ سرا کے قتل کی وجوہات سامنے آجائیں گی۔