پیپلز پارٹی کیساتھ ہمارا کوئی اتحاد نہیں، وہ سیکولر اور ہم اسلامی نظام چاہتے ہیں: سراج الحق

پیپلز پارٹی کیساتھ ہمارا کوئی اتحاد نہیں، وہ سیکولر اور ہم اسلامی نظام چاہتے ہیں: سراج الحق
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

حیدر آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ ہمارا کوئی اتحاد نہیں، وہ سیکولر نظام چاہتے ہیں اور ہم اسلامی نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ خادم حسین سولنگی نے بلاتفریق قوم کی خدمت کی ہے، اللہ جب کسی قوم سے راضی ہوتا ہے تو اچھے لیڈر سے نوازتا ہے لیکن اللہ جب ناراض ہوتا ہے تو برے اور بدکردار لیڈروں سے نوازتا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج ہر جگہ ظالم لیڈر ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ اپنے اداروں کو انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے حوالے کرنا افسوسنا ہے، ہم سٹیٹ بینک کسی حالت میں آئی ایم ایف کے حوالے نہیں کریں گے، کبھی مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی ایک سٹیج پر آکر بہن بھائی بنتے ہیں، یہ اپنے ذاتی مفادات کیلئے ایک ہوجاتے ہیں، قوم کیلئے ایسا نہیں کرتے، پیپلزپارٹی کے ساتھ ہمارا کوئی اتحاد نہیں، پیپلزپارٹی سیکولر اور ہم اسلامی نظام چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر جماعت اسلامی نے پیپلزپارٹی کی حمایت کی ہے جس کے بعد (ن) لیگ کی جانب سے جماعت اسلامی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔