شاداب خان جنوبی افریقہ کیخلاف بقیہ میچز اور دورہ زمبابوے سے باہر ہو گئے

 شاداب خان جنوبی افریقہ کیخلاف بقیہ میچز اور دورہ زمبابوے سے باہر ہو گئے
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان لیگ سپنر شاداب خان انجری کے باعث دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے باہر ہو گئے ہیں جس کی تصدیق انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بھی کر دی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان اپنے بائیں پاؤں میں انجری کے باعث چار ہفتوں کیلئے مسابقتی کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں، لہٰذا وہ دورہ جنوبی افریقہ کے بقیہ میچز اور دورہ زمبابوے کے دوران قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ 

لیگ سپنر جوہانسبرگ میں کھیلے گئے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بیٹنگ کے دوران بائیں پاؤں پر گیند لگنے کے باعث انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد ان کا ایکسرے کروایا گیا جس میں انٹرا آرٹیکلور کیمونیکیٹڈ فریکچر تشخیص ہوا ہے، لہٰذا انہیں چار ہفتوں کیلئے ری ہیب تجویز کیا گیا ہے۔

شاداب خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ’ مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ میں بہت کوشش کر رہا ہوں اور اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ اگر آپ مشکل وقت میں بھی ہمت سے کام لیں تو اللہ تعالیٰ منزل تک پہنچنے میں مدد کرتا ہے۔ میں سخت محنت جاری رکھوں گا اور جلد کم بیک کروں گا، آپ سب کے پیار اور محبت کا بے حد شکریہ۔‘ 

ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’ بیٹنگ کے دوران میرے انگوٹھے پر گیند لگا جس کے باعث میں دورہ جنوبی افریقہ سے باہر ہو گیا۔ میں بہت زیادہ محنت کر رہا ہوں اور اپنی بھرپور کوشش کر رہا ہوں، میں ویسی کارکردگی دکھانے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکا جیسی میں دکھانا چاہتا ہوں مگر سخت محنت کا صلہ ضرور ملے گا۔ انشاءاللہ میں بہت جلد قومی ٹیم میں واپس آؤں گا اور پاکستان کیلئے میچز جتواؤں گا۔‘