عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات،سپیکر نے خصوصی کمیٹی کیلئے نام مانگ لئے

عائشہ گلالئی کے الزامات کی تحقیقات،سپیکر نے خصوصی کمیٹی کیلئے نام مانگ لئے

اسلام آباد:پی ٹی آئی کی خاتون ایم این اے عائشہ گلا لئی کے الزامات پر قومی اسمبلی نے ان کیمرہ تحقیقات کے لئے خصوصی کمیٹی بنانے کی تحریک منظور کرلی،20ایم این ایز پر مشتمل کمیٹی معاملے کی تحقیقات کرے گی۔

عائشہ گلالئی کے الزامات پر اراکین قومی اسملی ساتھی رکن کے الزامات کی تحقیقات پر ایک ہو گئے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی تجویز پر رکن عارفہ خالد نے ایوان میں تحریک پیش کی، تحریک میں عائشہ گلالئی معاملے پر ان کیمرہ تحقیقات کے لئے کمیٹی بنانے کی تجویز دی گئی۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومتی و اپوزیشن ارکان پر مشتمل 20 رکن تحقیقاتی کمیٹی بنانے کے لئے نام مانگ لئے، کمیٹی میں حکومت کی طرف سے 13جبکہ اپوزیشن کے 7 ارکان شامل ہونگے جو ایک ماہ کے اندر رپورٹ ایوان کو پیش کرے گی۔

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا دیگر کیسز میں منہ کی کھانے والے سیاسی مخالفین اب پوائنٹ سکورنگ کرنا چاہتے ہیں۔

کپتان کا کہنا تھا آدھا ملک سیلاب میں ڈوبا ہے اور وزیراعظم کو اس معاملے کی پڑی ہے، انہوں نے مزید کہا گلالئی گورنر کے پی، میر شکیل الرحمان اور امیر مقام سے رابطے میں تھیں، ان تینوں افراد اور عائشہ کے والد کے موبائل کا بھی فرانزک آڈٹ کرنا ہو گا۔واضح رہے پی ٹی آئی ایم این اے عائشہ گلالئی نے عمران خان پر غلط ایس ایم ایس بھیجنے کا الزام عائد کیا تھا۔