'کرپشن کا الزام لگتا تو شرمندہ ہوتا، یہ اپنی نوعیت کا انوکھا فیصلہ ہے'

'کرپشن کا الزام لگتا تو شرمندہ ہوتا، یہ اپنی نوعیت کا انوکھا فیصلہ ہے'

اسلام آباد: پنجاب ہاؤس میں صحافیوں سےغیر رسمی گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایک بیٹے نے پیسے باہر سے بھجوائے دوسرے بیٹےسے تنخواہ نہیں لی اس پر اعتراض سمجھ سے بالاتر ہے ۔ کسی وزیراعظم سے اس بڑا اور کیا مذاق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تنخواہ لی ہی نہیں تو ظاہر کیسے کرتے اور باپ دادا کی کمپنیوں کو ٹٹولا گیا لیکن پھر بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ جو کچھ ہوا وہ سب آپ کے سامنے ہے کوئی کرپشن، کک بیک یا سرکاری خزانے میں کرپشن کی ہوتی تو کوئی بات تھی لیکن ثبوت تو دور کی بات کرپشن کا الزام تک نہیں ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہت کچھ سمجھ رہا ہوں اور کہنا چاہتا ہوں لیکن ابھی خاموش رہنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا مشرف مجھ سے این ار او کرانا چاہتا تھا لیکن میں نے ملاقات ہی نہیں کی جبکہ زرداری صاحب کے ساتھ اچھے تعلقات چلتے رہے اور زرداری صاحب کو پوری عزت کے ساتھ ایوان سے رخصت کیا۔

سابق وزیر اعظم نے نواز لیگ کی علاقائی تنظیموں کے رہنماؤں کو بھی پنجاب ہاؤس طلب کر لیا ہے اور ملاقات میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی حکمت عملی طے کی جائے گی جبکہ خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے رہنماوں سے بھی ملاقات کریں گے

قبل ازیں نوازشریف اپنے اہل خانہ کے ساتھ چھانگلا گلی سے اسلام آباد پہنچے جہاں ن لیگی کارکنوں کی جانب سے ان کا بھرپور استقبال کیا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں