نوازشریف اور عمران خان ایک سکے کے دو رخ ہیں، بلاول بھٹو زرداری

 نوازشریف اور عمران خان ایک سکے کے دو رخ ہیں، بلاول بھٹو زرداری

چترال:پیپلز پارٹی نے ہمیشہ چترال کو اہمیت دی ،ذوالفقارعلی بھٹو نے یہاں کالجز کی بنیاد رکھی، آج بھی چترال کےعوام پیپلزپارٹی اوربھٹوسےمحبت کرتے ہیں، بینظیربھٹو نے بھی چترال کے مسائل پر بھرپور توجہ دی، عملی طور پرپیپلزپارٹی کی حکومت کے دوران کام کا آغازکیا گیا۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے چترال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ چترال میرا دوسرا گھر ہے، میں ان لوگوں کے درمیان ہوں جنہوں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ۔چترال ذوالفقار علی بھٹو ، نصرت بھٹو اور بینظیر شہید کا بھی گھر تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں نااہل وزیراعظم نےلواری ٹنل کاافتتاح کیا،اپنے نام کی تختی لگائی کیا کریں، میاں صاحب کو تختیاں لگانےکا بہت شوق تھا، میاں صاحب کا تختیاں لگاتے لگاتے تختہ ہوگیا ۔ بلاول  بھتو نے کہا کہ میاں صاحب، خوش نہ ہونا کہ نااہل ہوکر آپ کی جان بچ گئی ہے، آپ کو اپنے ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا ، آپ کو قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا ہوگا ۔میاں صاحب  جن آرٹیکلز پرنااہل ہوئےوہ ضیاءالحق نےآئین میں شامل کیےتھے، بار بار کہا کہ یہ آرٹیکلز ایک آمر نے غیر آئینی طور پر آئین میں شامل کیے۔ انکا کہنا تھا کہ میاں صاحب ان آرٹیکلزکومخالفین کیخلاف استعمال کرناچاہتےتھے،آپ خودزدمیں آگئے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ نوازشریف اور عمران خان ایک سکے کے دو رخ ہیں۔عمران خان سے پوچھتا ہوں کہاں ہے آپ کا نیا خیبر پختونخوا ،کیا تبدیلی لے آئے آپ خیبرپختونخوامیں؟ نوجوان بے روزگار بھٹک رہے ہیں،  الزامات ہم نہیں آپ کے ہی وزیر لگارہے ہیں۔آپ نے 60 کروڑ روپےاحتساب کمیشن پرخرچ کردیے،کہاں ہےوہ احتساب کمیشن؟  عمران خان صاحب آپ پورے ملک کی عوام سے جھوٹ بولتے ہیں،آپکی سیاست کا محور الزام لگانا اور گالی دینا ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ  آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے غلط بیان دیا ،اس پر اختلاف کیاجاسکتاتھا۔  میں اقتدار اپنے لیے نہیں عوام کیلیے چاہتا ہوں،  مکمل منشور اور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور دونوں کا مقابلہ کریں گے۔  آج کل ایک نیا سیاسی فیشن شروع ہوگیاہے، سپریم کورٹ ،پاکستان کی سپریم کورٹ ہے کسی سیاسی جماعت کی نہیں، سیاسی جماعتیں جھنجھٹ سے زیادہ ججوں پر بات کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  پہلے یہ کام(ن)لیگ کیا کرتی تھی اب پی ٹی آئی کررہی ہے،خیبرپختونخوا کے ٹھیکوں سے عمران خان کا کچن اور جہانگیرترین کا جہاز چل رہا ہے۔  

مصنف کے بارے میں