پرویز مشرف آئین شکن اور عوام دشمن تھے، آمرانہ پالیسیوں نے پاکستان کی بنیادیں ہلادیں، خواجہ سعد رفیق

پرویز مشرف آئین شکن اور عوام دشمن تھے، آمرانہ پالیسیوں نے پاکستان کی بنیادیں ہلادیں، خواجہ سعد رفیق

لاہور:  وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی آمرانہ پالیسیوں نے پاکستان کی بنیادیں ہلادیں،وہ آئین شکن اور عوام دشمن تھے،ڈکٹیٹر ملک میں جعلی ترقی اور مصنوعی تبدیلی لاتے ہیں جن کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا ، اور اپنے اقتدار کی مدت بڑھانے کیلئے قومی خود مختاری پر سمجھوتہ کرتے ہیں، پرویز مشرف پاکستانی ڈکٹیٹر قوم کو مکے دکھاتے ہیں اور اپنے بیرونی آقاؤں کے تلوے چاٹتے ہیں۔منتخب حکمرانوں کی کارکردگی ان کی خامیوں پر حاوی رہی سو وہ یاد رکھے گئے ۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سابق صدر پرویز مشرف کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف آئین شکن اور اور عوام دشمن تھے۔ ان کی آمرانہ پالیسیوں نے پاکستان کی بنیادیں ہلاڈالیں۔انہوں نے کہا پاکستان میں جمہوریت کو گزند پہنچانے والے ڈکٹیٹر تاریخ کے کوڑا دان کی نظر ہوگئے ۔انہیں اور ان کی عوام دشمن پالیسیوں نے سوائے ملک کو نقصان پہنچانے کے کچھ نہیں کیا آج نہ انہیں کوئی یاد نہیں کرتایہاں تک کہ ان کی قبروں پر رونے والابھی کوئی نہیں، جبکہ عوام کے منتخب کردہ حکمران اپنی کاکردگی کے باعث اپنی خامیوں سمیت آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ڈکٹیٹر ملک میں جعلی ترقی اور مصنوعی تبدیلی لاتے ہیں جن کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا ، اور اپنے اقتدار کی مدت بڑھانے کیلئے قومی خود مختاری پر سمجھوتہ کرتے ہیں۔انہوں نے پرویز مشرف پر براہ راست تنقید کرتے ہوئے کہا پاکستانی ڈکٹیٹر قوم کو مکے دکھاتے ہیں اور اپنے بیرونی آقاؤں کے تلوے چاٹتے ہیں ، مشرف اپنی خراب پالیسیوں کے باوجود بچ کر نکل گئے مگر تاریخ کی عدالت میں ایک دن ان کا احتساب ضرور ہوگا وہ قومی مجرم کے لقب سے کبھی بچ نہیں سکتے۔واضح رہے کہ چند روز قبل سابق صدر پرویز مشرف نے برطانوی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا پاکستان میں فوج ملک کو پٹری پر لاتی ہے اور سویلین آکر پھر اسے پٹری سے اتار دیتے ہیں ، ایشیا کے تمام ممالک کو دیکھا جائے تو وہاں بھی صرف ڈکٹیٹروں کی وجہ سے ترقی ہوئی ہے جبکہ سویلینز نے صرف ملک کا بیڑہ غرق کیاہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں