محکمہ موسمیات نے 8 اگست سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے 8 اگست سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: محکمہ موسمیات نے 8 اگست سے ملک بھر میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ہوا کا کم دباؤ اس وقت جنوب مشرقی بلوچستان کے اوپر موجود ہے، کم دباؤ کے باعث جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں موسلادھاربارشوں کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں موسم جزوی ابر آلود، بوندا باندی کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جائے گا۔ کراچی میں موسم جزوی ابرآلود، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ 10 اگست تک کراچی میں بارشوں کا کوئی امکان نہیں۔

پنجاب میں سورج پوری آب و تاب سے چمکنے میں مصروف، آج لاہور میں پارہ 37، فیصل آباد میں 36، ملتان میں 38 جبکہ سرگودھا میں 40 ڈگری کو چھو سکتا ہے۔