ہر پاکستانی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، شاہ محمود قریشی

ہر پاکستانی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں، ہر پاکستانی ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، وزیراعظم عمران خان بطور سفیر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، میں آج کشمیریوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک ان کی قیادت پابند سلاسل ہے میں ان کی وکالت کروں گا۔

یوم استحصال کے حوالہ سے خصوصی وڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ آج میں ایک دفعہ پھر آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے تمام کشمیریوں کو باور کرانا چاہتا ہوں کہ آپ تنہا نہیں ہیں، ہر پاکستانی آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ہمیں آپ کی تکالیف کا احساس ہے، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف خلاف ورزیوں اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا بے خبر نہیں ہے۔

آج دنیا کے سامنے ہندوستان کا اصلی چہرہ ہے نقاب ہو چکا ہے، وزیراعظم عمران خان بطور سفیر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، میں آج کشمیریوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک ان کی قیادت پابند سلاسل ہے میں ان کی وکالت کروں گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میں کشمیریوں کی آواز کو ہر ملک کے دارالحکومت تک لے کر جاؤں گا۔

بطور وزیر خارجہ آپ کی ترجمانی کرنا میرے فرایض میں شامل ہے اور ان شاءاﷲ فتح آپ کی ہو گی،4 ماہ کے لاک ڈاؤن سے دنیا کی چیخیں نکل گئیں لیکن مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری کرفیو اور فوجی محاصرے کو آج ایک سال ہو چکا ہے، نہتے کشمیری فوجی محاصرے میں دوہرا لاک ڈاؤن جھیلنے پر مجبور ہیں، غاصبوں کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ جبر کے ذریعے کشمیریوں کے حوصلے پست کر لیں گے۔

تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب کوئی قوم کھڑی ہو جاتی ہے تو کوئی غاصب فوج اسے دبا نہیں سکتی اور آج کشمیری کھڑے ہو چکے ہیں اور پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے انشاءاﷲ ہم کامیابی سے ہمکنار ہوں گے اور کشمیر جلد اس جبر سے آزاد ہو گا۔