ایف آئی اے کا جہانگیر ترین سمیت تین بڑے شوگر مل گروپوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع

ایف آئی اے کا جہانگیر ترین سمیت تین بڑے شوگر مل گروپوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع

اسلام آباد :وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تین بڑے شوگر مل گروپس کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کردیا اس حوالے سے 20 ارب روپے کے مالی جرم کی تفتیش کیلئے جے ڈی ڈبلیو، آر وائی کے اور العربیہ کو نوٹسز دے دئیے گئے۔

وفاقی حکومت نے 20 ارب روپے سے زائد کے مبینہ مالی جرم میں ملوث ملک میں شوگر ملز چلانے والے تین بڑے گروپس کے خلاف تحقیقات کیلئے ایک اعلیٰ اختیاراتی مشترکا تحقیقاتی ٹیم (سی آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔

ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیاءکی جانب سے تشکیل دی گئی سی آئی ٹی نے پی ٹی آئی رہنماءجہانگیر ترین کی ملکیت جے ڈی ڈبلیو گروپ آف کمپنیز، آر وائی کے گروپ کی ملکیت الائنس شوگر ملز، جس میں وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز مخدوم خسرو بختیار کے خاندان کا بڑا حصہ ہے اور پاکستان مسلم لیگ قائد کے رہنماءچوہدری مونس الٰہی کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ کارروائی وفاقی کابینہ کے 23 جون کے فیصلے کی روشنی میں سامنے آئی ہے جو شوگر انکوائری کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں سامنے آیا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان کی سربراہی میں سی آئی ٹی کو جے ڈی ڈبلیو گروپ کے مبینہ بے نامی کاروبار،مالی جرم وغیرہ، جس میں 16.1 ارب روپے سے زائد کی رقم شامل ہے، کے خلاف تفتیش شروع کرنے کا اختیار شوگر کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں دیا گیا ہے۔