کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں شدت، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید60 افراد جاں بحق

کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں شدت، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید60 افراد جاں بحق
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: ملک بھر میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی چوتھی لہر میں شدت آ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 60 افراد کورونا وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کیلئے 62 ہزار 462 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 5661 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 1,053,660 ہوگئی ہے۔ 
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 952,616 مریض کورونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ گزشتہ روز اس وباءنے مزید 60 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا جس کے بعد ملک بھر میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 635 ہوگئی ہے جبکہ مثبت کیسز کی شرح9.06 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وباءکے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے، صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں، بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
ماہرین کے مطابق سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں، درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔