عالمی ادارہ صحت نے کورونا ویکسین کی دوخوراکیں لگوانے والوں کیلئے الرٹ جاری کر دیا 

Global Vaccination,Pakistan Vaccine,WHO,

نیویارک:عالمی ادارہ صحت نے کورونا ویکسین کی کوئی بھی دو خوراکیں لگوانے والوں کو اضافی بوسٹر لگانے سے منع کرتے ہوئے تمام ممالک میں اس پر پابندی لگانے کا بھی مطالبہ کر دیا ۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ  تیدروس ادھانوم کا کہنا ہے بوسٹر ڈوز  کی اجازت ہر ملک کی 10 فیصد آبادی کو ویکسین لگنے کے بعد دی جانی چاہیے ۔ 

واضح رہے اس وقت پاکستان سمیت پوری دنیا میں کورونا کی چوتھی لہر سے متعدد افراد متاثر ہو رہے ہیں ،پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر میں بھارتی ڈیلٹا وائرس سے متعلق بھی چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں ،ایسے میں لوگ اس بات سے پریشان ہیں کہ کیا انہیں کورونا کی بھارتی قسم سے بچنے کیلئے کوئی اضافی بوسٹر لگوانے کی ضرورت  ہے یانہیں ۔

 ملک بھر میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی چوتھی لہر میں شدت آ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 60 افراد کورونا وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار چکے ہیں ،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کیلئے 62 ہزار 462 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 5661 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 1,053,660 ہوگئی ہے۔ 

عالمی وبا کی تازہ ترین صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ تمام ممالک میں کورونا ویکسین کے اضافی بوسٹر پر فی الفور پابندی لگا کر پہلے ملک کے تمام شہریوں کو ویکسین لگانے کا عمل تیز کیا جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہر ملک کے 100 فیصد شہریوں کو ویکسین لگ چکی ہے ،اس کے بعد لوگوں کو اضافی بوسٹر لگائے جائیں ۔