ٹرمپ انتظامیہ سے ملاقات، اہم ترین پاکستانی سفارتی ٹیم واشنگٹن پہنچ گئی

ٹرمپ انتظامیہ سے ملاقات، اہم ترین پاکستانی سفارتی ٹیم واشنگٹن پہنچ گئی

اسلام آباد :نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لیے سفارتی مہم کے تحت پاکستان کی اہم ترین ٹیم امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچ گئی۔بعض میڈیا رپورٹس کا دعویٰ ہے کہ پاکستان ان کوششوں کے ذریعے 20جنوری 2017کو ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعظم نواز شریف کو بھیجنے کے امکان پر غور کر رہا ہے۔
پاکستانی سفارت خانے کے عہدیداروں کے مطابق اگرچہ وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی کا دورہ امریکا ٹرمپ انتظامیہ کے ابتدائی دنوں میں پلان کیے گئے منصوبوں کے مطابق ہے تاہم 'وزیراعظم کے دورے کے بارے میں ابھی بات کرنا قبل از وقت ہوگا'۔
طارق فاطمی واشنگٹن میں اپنے دورے کی سرکاری مصروفیات شروع کررہے ہیں، وہ اگلے ہفتے کے آغاز میں نیویارک کا دورہ کرکے ٹرمپ کی ٹیم سے بھی ملاقات کریں گے۔وہ واشنگٹن میں امریکی کانگریس کے نو منتخب نمائندوں سے ملاقاتوں سمیت سبکدوش ہونے والی اوباما انتظامیہ کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے۔
خیال رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ میں شامل 2 سینیئر عہدیدار نامزد وزیر دفاع جیمز میٹس اور مجوزہ قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلین دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اس میں پاکستانی کردار کی اہمیت سے واقف ہیں۔
مائیکل فلین بھی ایک ریٹائرڈ فوجی جرنل ہیں، انہوں نے ستمبر میں پاکستانی سفارتخانے میں قوالی کی محفل میں شرکت کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کردار پر گفتگو کی تھی۔
دوسری جانب پاکستانی سفارتی مہم پر نظر رکھنے والے مبصرین کا خیال ہے کہ پاکستانی ٹیم کو واشنگٹن اور نیویارک میں مایوس گفتگو برداشت کرنے سمیت سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔