موصل میں داعش کے ٹھکانوں پر عراقی فضائیہ کی بمباری

موصل میں داعش کے ٹھکانوں پر عراقی فضائیہ کی بمباری

موصل: عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے موصل شہر میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے-

الحدث ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے صوبہ صلاح الدین کے شہر بلد کی ایئربیس سے پرواز کیا اور موصل شہر میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کردی - موصل شہر کو آزاد کرانے کی کارروائیاں جب سے شروع ہوئی ہیں، عراقی فضائیہ نے پہلی بار رات کی کاروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے -

نینوا آپریشن کے ایک کمانڈر عبدالامیر یاراللہ نے کہا ہے کہ صلاح الدین آپریشن میں شامل فوج نے موصل کے جنوب میں واقع شہر شرقاط کے مشرقی ساحل کے قریب سحل المضیف علاقے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے -

عراقی فوج کے سینیئر کمانڈر یاراللہ نے شرقاط کے دیگر ساحلی علاقوں کو آزاد کرانے کے لئے عراقی افواج کی پیشقدمی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراقی فوج نے سحل المضیف علاقے پر عراق کا پرچم لہرا دیا ہے اور اس کارروائی کے دوران داعش کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے - عراقی فوج نے شرقاط میں داخل ہونے کے لئے داعش کی کوششوں کو بھی ناکام اور ان کی کئی گاڑیوں کو تباہ کردیا جبکہ ان میں سوار دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں -

دریں اثنا عراق کی فیڈرل پولیس کے سربراہ رائد شاکر جودت نے بھی کہا ہے کہ عراقی پولیس کے دستوں نے موصل کے قریب العذیہ گاؤں میں داخل ہونے کی داعش کی کوششوں کو ناکام بنادیا ہے- ان کا کہنا تھا کہ جن دیہی علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے وہاں عراقی پولیس  کے ذریعے انسان دوستانہ سرگرمیاں جاری ہیں -

مصنف کے بارے میں