سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کا ماسٹر مائنڈ مقابلے میں ہلاک

سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ کا ماسٹر مائنڈ مقابلے میں ہلاک

کوئٹہ:  بلوچستان کے وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ رات  پشین میں آپریشن کے دوران ہلاک  5 دہشت گرد سول اسپتال دھماکے میں ملوث تھے جن میں سانحہ کا ماسٹر مائنڈ بھی مارا گیا۔

میڈیا سے بات کرتے وزیرداخلہ  نے کہا کہ پشین میں گزشتہ رات آپریشن کیا گیا جس میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 کانسٹیبل زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

 آپریشن میں ہلاک دہشت گرد سانحہ 8 اگست میں ملوث تھے جب کہ دہشت گردوں میں سانحہ سول اسپتال دھماکے کا ماسٹر مائند جہانگیر بھی شامل تھا۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کامیاب آپریشن سے سیکیورٹی فورسز کا مورال بلند ہوا ہے، مارے جانے والے دہشت گردوں کو ’’را‘‘ کی سرپرستی حاصل تھی تاہم بلوچستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ بلوچستان میں بدامنی پھیلاتی ہے، دہشت گردوں کو فنڈنگ کرتی ہے جب کہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوتی ہے۔