پنجاب فوڈ اتھارٹی کے بیکریوں اور فاسٹ فوڈ پر چھاپے, 4کو جرمانہ, 2سیل

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے بیکریوں اور فاسٹ فوڈ پر چھاپے, 4کو جرمانہ, 2سیل

لاہور : پنجاب فوڈ اتھارٹی کے لاہور میں 4بڑی بیکریوں اور فاسٹ فوڈ پر چھاپے۔ یاسر بروسٹ اور پیزاونڈر سیل اور 4بیکریوں کو جرمانے اور وارننگ جاری کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں عزیز بھٹی ٹاؤن کی ٹیم نے ضرار شہید روڑ پریاسر بروسٹ کوفریزرز میں خون کے لوتھڑوں کی موجودگی ،انتہائی گندی بدبو،سبزیاں اور سلاد کی فرش پر موجودگی ، خام مال اور تیار شدہ خوراک کو ایک ہی جگہ پر رکھنے ، کچن میں چوہوں کی موجودگی اور زائد المعیاد تیل استعمال کرنے پر سربمہر کر دیا۔

شالیمار ٹاؤن کی ٹیم نے بندوخان سویٹس اینڈ بیکرز کوکیکس اور پیسٹریز پر بال موجود ہونے، خشک کیک پر تاریخ تنسیخ کی عدم موجودگی اور پہلے سے دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر 10ہزار روپے جرمانہ کیا۔مزید کاروائی میں مالمو سویٹس اینڈ بیکرز کو پیزا اور کیکس پر بالوں کی موجودگی اور زائدالمعیاد کیکس اور بسکسٹس کی فروخت پر 11ہزار روپے جرمانہ کیا۔

علامہ اقبال ٹاؤن کی ٹیم نے جوہر ٹاؤن میں بریڈ اینڈ بی اونڈ بیکرزکو نامناسب لیبلنگ ہونے اور صفائی کے ناقص انتظامات کی بنا پر 10ہزار روپے جرمانہ جبکہ کینال ویو ہاسنگ سوسائٹی میں گورمے بیکرز کو صفائی کے ناقص انتظامات پر وارننگ نوٹس اور بہتری کے احکامات جاری کیے۔وفاقی کالونی میں لاثانی فش کارنرکوزائدالمعیاد تیل استعمال کرنے پر بہتری کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 8لٹر زائدالمعیاد تیل کو موقع پر ضائع اورتایاہوٹل کو کچن میں بلیاں موجود ہونے پر 2500روپے جرمانہ عائد کیا۔

جوڈیشل کالونی میں پیزا ونڈر کو حشرات کی روک تھام کے نا مناسب انتظامات ،ورکرز کی ناقص جسمانی حالت اور اشیاء خوردونوش پر نامناسب لیبلنگ پر سربمہر کر دیا۔راوی ٹاؤن کی ٹیم نے اکبری منڈی میں حسن سویٹس ہاؤس اور ملک منور سویٹس کواشیاء پر لیبل کی عدم موجودگی اور صفائی کے نامناسب اتنظامات پربالترتیب 4500روپے اور 5000روپے جرمانہ کیا۔

مزید کاروائی میں ہول سیل سویٹس شاپس کو چیک کیااور متعدد کو بہتری کے نوٹس جاری کیے اور مختلف شاپس سے120kgرنگدار سلانٹی کا سٹاک ہٹا دیا۔نشتر ٹاؤن کی ٹیم نے گرین ٹاؤن میں بسم اللہ بیکری کو ناقص صفائی پر5ہزار روپے جرمانہ کیا۔واہگہ ٹاؤن کی ٹیم نے سکھ نہر پر نیو شباب ہوٹل کوورکرز کی ناقص جسمانی حالت اورواشنگ ایریا گندہ ہونے پر 6ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔دریں اثناء راولپنڈی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 2بیکریوں کو جرمانے جبکہ 9ہوٹلوں‘ بیکریوں‘ نان اور پیزا شاپ وغیرہ کو وارننگ جاری کر دی۔

گوجرانوالہ میں ساہیوال سویٹس شاپ کو جرمانہ جبکہ 15بیکریوں‘ ملک شاپس اور نان شاپس وغیرہ کو صورتحال بہتر بنانے کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ فیصل آباد میں ملاوٹ شدہ مصالحہ جات تیار کرنے والی 2چکیوں کو سیل کر کے 3500کلوگرام مصالحے تحویل میں لے کر مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی۔

مصنف کے بارے میں