بلوچ سماجی کارکن 4 ماہ بعد گھر واپس پہنچ گئے

بلوچ سماجی کارکن 4 ماہ بعد گھر واپس پہنچ گئے

کراچی:  120 دن سے  لاپتا معروف بلوچ سماجی کارکن واحد بلوچ واپس اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ واحد بلوچ کی بیٹی ماہین بلوچ نے برطانوی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ان کے والد صحیح سلامت گھر لوٹ آئے ہیں۔ واحد بلوچ کے اہلِ خانہ کی جانب سے ان کی واپسی کے بارے میں مزید معلومات نہیں دی گئی ہیں۔

کراچی کے علاقے چاکیواڑہ سے تعلق رکھنے والے واحد بلوچ  26 جولائی 2016 کو کراچی آتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے۔ ان کے رشتے داروں نے واحد کے اغوا کا الزام پاکستان کے خفیہ اداروں پر لگایا تھا جبکہ پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔

بعدازاں کراچی پولیس نے دو ماہ کی تاخیر کے بعد سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر واحد بلوچ کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کی تھی۔

واحد بلوچ کراچی سول ہسپتال میں بطور ٹیلی فون آپریٹر ملازم تھے اور ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بلوچ مصنفین کی کتابیں اور پوسٹرز شائع کرنے میں ان کی مدد کیا کرتے تھے۔