نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل میں بند کر دیا، عابد شیر علی

نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل میں بند کر دیا، عابد شیر علی

ملتان: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ نواز شریف نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل میں بند کر دیا۔ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا 2018 کا وعدہ 2017 میں ہی پورا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں 6، 6 لاکھ روپے کے ٹرانسفارمرز دیئے گئے لیکن ہمارے دور میں ہم نے اس کو 50 فیصد تک کم کیا اور بجلی ترسیل کا نظام بہتر بنا کر لائن لاسز میں کمی کی گئی۔ ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ان کے دماغ کی سپلائی بڑھ گئی ہے اور وہ نواز شریف سے خوفزدہ تھے۔ کہتے تھے بس نواز شریف کو ہٹھایا اور انہیں لایا جائے لیکن عمران خان سے کہتا ہوں سارا پنڈ چوہدری بن جائے گا لیکن وہ انتخابات میں روتے رہ جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی نحوست اور دھرنوں کی وجہ سے آج پاکستان پیچھے چلا گیا ہے وہ شہبازشریف کی رفتار اور اپنے ہوا میں اڑ جانے والے وزیراعلیٰ کی ترقی کا موازنہ کریں۔ خیبرپختونخوا کے وزرا کرپشن سے بھرے ہیں اور عمران خان ان کے ہیلی کاپٹر استعمال کریں تو ٹھیک لیکن جب یہاں آتے ہیں تو یورپ کے بھاشن دیتے ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان بڑی باتیں کرتے ہیں کہ اربوں روپیہ ملک سے باہر گیا لیکن ان کے پاس کوئی ثبوت ہے کہ ہم نے چار آنے چوری کیے وہ صرف پاکستان میں انتشار پھیلانا اور ترقی روکنا چاہتے ہیں۔ عابد شیر علی نے مزید کہا کہ عمران خان کے پی کے کی فکر کریں وہاں بھی اب شیروں کا راج ہو گا اور وہ ماچس کی تیلی کی طرح اڑ جائیں گی۔ جاوید ہاشمی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی قابل احترام ہیں وہ لوٹے نہیں بنے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی نشست سے استعفیٰ دیا اور پھر الیکشن لڑا جبکہ جاوید ہاشمی کی سیاسی جدوجہد ہے اور مشرف کے دور میں بھی 4 سال جیل کاٹی۔

انہوں نے کہا کہ جب عمران خان نے تھرڈ امپائر کی بات کی تو جاوید ہاشمی نے جمہوریت کے خلاف سازش کو بے نقاب کیا وہ ہمیشہ جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے کردار ادا کرتے ہیں ان کے کردار کو اچھی نظر سے دیکھتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی غیبی قوت عوام ہیں اور عوام ہی انہیں مسترد کر سکتے ہیں جب کہ نوازشریف اگر اداروں کا احترام نہیں کرتے تو ملک میں خانہ جنگی ہوتی۔ پاکستان میں نواز شریف ان کی حکومت اور ملکی ترقی کے خلاف ذہن بنایا گیا ہے اور واویلا مچایا گیا کہ اتنے ارب چلے گئے۔

عابد شیر علی نے کہا کہ مشرف اور آصف زرداری نے لوڈشیڈنگ پر قابو کیوں نہیں کیا ان کے دور میں موٹرویز کیوں نہیں بنے اور اب 2018 میں عوام شیر پر مہر لگا کر جزا اور سزا کا فیصلہ کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں