پی ٹی آئی اراکین اپنی ہی پولیس کے خلاف بول پڑے

پی ٹی آئی اراکین اپنی ہی پولیس کے خلاف بول پڑے

پشاور : پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اپنی ہی پولیس کے خلاف بول پڑے، غیر مناسب روئیے، بھتہ خوری اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کے الزام پر اراکین کونسل نے آج  ہونے والے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔

پریزائڈنگ آفیسر سید قائم علی کی زیر صدارت ضلع کونسل پشاور کا اجلاس ہوا، اجلاس محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر طلب کیا گیا تھا،تاہم صوبے میں پولیس کے غیر مناسب رویے پر اراکین کونسل نے پولیس کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔تعلیمی کارکردگی پر بلا ئے گئے اجلاس میں ہنگامہ آرائی ہوئی۔ کارروائی کے دوران ایوان پولیس کی کارکردگی کے خلاف شیم شیم کے نعروں سے گونج اٹھا۔ پی ٹی آئی کے رکن کونسل گل بشر کا کہنا تھا کہ پولیس اراکین کونسل کی بے عزتی کرتی ہے۔جب بھی ہم پولیس سے بات کرنے جاتے ہیں وہ الٹا ہمارے خلاف ہی ایف آئی آر درج کرلیتی ہے۔ پولیس کو اپنا رویہ درست کرنا ہوگا۔

پی ٹی آئی رکن کونسل نے کہا کہ 9 افراد کی شہادت پر یہ پولیس تمغے سجا رہی ہے یہ ان کی ڈیوٹی ہے۔ پولیس عوام کی سیکیورٹی گارڈ ہے، ہیرو نہ بنے۔حکومتی اراکین نے پولیس کے رویے کے خلاف ایوان سے بائیکاٹ کیا۔ جس میں اپوزیشن اراکین نے بھی ان کا ساتھ دیا۔ پریزائیڈنگ آفیسر کی ہدات پر بینا خان آفریدی اور سید الرحمان صافی اراکین کو منا کر واپس لے آئے۔