لاہور، بیوی سے لڑائی پر شوہر نے 9 ماہ کی بیٹی کو چھت سے پھینک دیا

لاہور، بیوی سے لڑائی پر شوہر نے 9 ماہ کی بیٹی کو چھت سے پھینک دیا
والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور کے علاقے والٹن روڈ پر شوہر نے بیوی سے لڑائی کے بعد 9 ماہ کی بچی کو چھت سے نیچے پھینک دیا جس کے باعث وہ انتقال کر گئی۔پولیس کے مطابق والدہ نے بیان دیا کہ شوہر نوید کے بہنوئی سنی پطرس گھر آئے ہوئے تھے۔ اس دوران بچی نے رونا شروع کر دیا جس پر پطرس نے پوچھا کہ بچی کیوں رو رہی ہے۔


بچی کی والدہ نے پولیس کو مزید بتایا کہ سنی پطرس کے پوچھنے پر میں نے از راہ مذاق کہہ دیا کہ بچی آپ کی موجودگی کی وجہ سے رو رہی ہے جس پر میرے شوہر اور پطرس ناراض ہو گئے اور مجھ سے جھگڑنے لگے۔

خاتون کے بیان کے مطابق جب جھگڑا بڑھ گیا تو دونوں افراد بچی کو چھت پر لے گئے اور نیچے پھینک دیا جس کے نتیجے میں بچی زخمی ہوئی جسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس نے بتایا کہ والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔