شاہد خاقان عباسی کا ایک بار پھر نیب کا ادارہ ختم کرنے کا مطالبہ

شاہد خاقان عباسی کا ایک بار پھر نیب کا ادارہ ختم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک بار پھر قومی احتساب بیورو (نیب) کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب رہے گا تو ملک نہیں چل سکتا،اس ادارے کو استعمال کیا گیا جبکہ نیب قوانین کی وجہ سے پاکستان کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں متعدد بار عدالت پیش ہو چکا ہوں اور عدالت میں پیش ہوتے ہوئے مجھے چوتھا سال ہو چکا ہے، نیب نے مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگایا بلکہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جس پر کئی بار نیب سے پوچھا گیا ہے کہ وہ کون سا اختیار ہے جسے ناجائز طریقے سے استعمال کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ نیب قوانین کی وجہ سے سرمایہ کار خوفزدہ ہیں، میرے خلاف متعدد جھوٹے مقدمات بنائے گئے لیکن نیب میرے خلاف کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہ کر سکا، نیب قوانین کی وجہ سے پاکستان کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے، پاکستان کا جتنا نقصان چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کیا کسی اور نے نہیں کیا، نیب کے ادارے کو ختم کر دینا چاہئے، موجودہ حالات کی خرابی میں نیب کا بہت بڑاعمل دخل ہے۔ 
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب رہے گا تو ملک نہیں چل سکتا، اس ادارے کو استعمال کیا گیا، نیب نے پاکستان کے نظام کو مفلوج کر رکھا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) گزشتہ 4 سال سے کیسز کا سامنا کر رہی ہے، جج صاحبان اپنی مدت پوری کر کے کہیں اور خدمات دے رہے ہیں، کیس کا فیصلہ کرنے کیلئے کیا 3 سال کافی نہیں ہوتے؟ 
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو جواب اور حساب دینا پڑے گا، جاوید اقبال کم از کم اتنا بتا دیں کس کے کہنے پر جھوٹے مقدمات بنائے، (ن) لیگ کے کیسز چلتے رہیں تا کہ عوام کے سامنے حقیقت سامنے آ سکے، سابق حکومت نے نیب کو سیاستدانوں کو بدنام کرنے کیلئے استعمال کیا جبکہ ہماری حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں