عمران خان نے سائفر آڈیو لیک معاملے پر عدالت سے رجوع کر لیا

عمران خان نے سائفر آڈیو لیک معاملے پر عدالت سے رجوع کر لیا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اورسابق وزیراعظم عمران خان نے سائفر آڈیو لیک کے معاملے پر عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے سائفر آڈیو لیک کے معاملے پر طلب کئے جانے پر لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں وفاقی حکومت، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان ایماندار، باعزت شہری اور ملک کی نامور شخصیت ہیں، ان کا ملکی سیاست کو نئے دھارے میں لانے میں اہم کردار ہے اور ان کی بڑھتی ہوئی شہرت سیاسی طاقتوں کیخلاف خطرہ بن چکی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے سائفر کے معاملے پر انکوائری شروع کر رکھی ہے اور اس سلسلے میں بیان قلمبند کروانے کیلئے 6 دسمبر کو طلب کیا ہے، سائفر انکوائری کو پہلے ہی سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، اب عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے بے بنیاد انکوائری میں طلب کیا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ بھی اسی سیاسی انتقام کا شاخسانہ ہے، طلبی نوٹس میں کسی قانون کی پاسداری نہیں کی گئی لہٰذا استدعا ہے کہ سائفر آڈیو لیک سکینڈل کی انکوائری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جائے۔ 

مصنف کے بارے میں