ایران دہشتگردی میں معاونت کرنے والابڑاملک ہے، امریکی وزیر دفاع

ایران دہشتگردی میں معاونت کرنے والابڑاملک ہے، امریکی وزیر دفاع

ٹوکیو :نئے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے ایران کو دہشت گردی میں معاونت کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک قرار دے دیا۔ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ ایران جو چاہے کرلے وہ دنیا میں دہشت گردی میں معاونت کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔انہوں نے کہاکہ ایران خطرے کے باعث فی الحال مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ ایران پر حالیہ پابندی بیلسٹک میزائل تجربے اور دیگر سرگرمیوں کے باعث لگائی گئی ہے۔

عالمی برادری ایران کی سرگرمیوں کو نظر انداز نہیں کرے گی۔دوسری جانب ایرانی پاسدارن انقلاب کا کہنا ہے کہ ایران مزید میزائل اور ریڈار سسٹم کے تجربے کرے گا،صوبہ سمنان میں منعقد کی جانے والی ان مشقوں کا مقصد اپنی عسکری طاقت کی نمائش اور حالیہ امریکی پابندیوں کو مسترد کرنا ہے۔ایرانی حکام کے مطابق اس دوران سائبر وار فیئر سسٹمز اور کمانڈ اور کنٹرول سینٹرز کی فعالیت جاننے کے لیے بھی تجربات کیے جائیں گے۔