بھارتی مظالم کے خلاف سینہ سپر کشمیری عوام کا ساتھ دینے کے لئے آج پوری قوم یوم یکجہتی کشمیر منائے گی

بھارتی مظالم کے خلاف سینہ سپر کشمیری عوام کا ساتھ دینے کے لئے آج پوری قوم یوم یکجہتی کشمیر منائے گی

 اسلام آباد :ہر سال کی طرح 5 فروری  آج  دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بنایا جا رہا ہے ۔یو م کشمیر منانے کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے، یہ دن منانے کا مقصد دنیا کو ایک واضح پیغام دینا ہے کہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، آزادکشمیر سمیت پاکستان میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔کوہالہ پل، منگلہ پل اور پاکستان اور آزادکشمیر کو ملانے والے دوسرے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔کشمیر ی عوام کی حالت زار کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے آزادکشمیر اور ملک بھر میں ریلیاں عوامی اجتماعات، تقریبات اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔

صدر ممنون حسین آج  اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب کی میزبانی کریں گے۔وہ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے قومی اتحاد کی آئینہ دار تقریب سے خطاب کریں گے۔حریت کانفرنس کی قیادت اہم سیاسی اور سماجی شخصیات اور دانشور تقریب سے خطاب کریں گے ،کشمیر کی عشروں پرانی جدوجہد کے بارے میں دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔