پوری قوم پہلے بھی آپ کے ساتھ تھی ، آج بھی ہے اور آنے والے کل بھی ساتھ ہوگی، نواز شریف

 پوری قوم پہلے بھی آپ کے ساتھ تھی ، آج بھی ہے اور آنے والے کل بھی ساتھ ہوگی، نواز شریف

مظفرآباد: 

مظفرآباد کے یونیورسٹی گراؤنڈ میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منعقد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا  کہ مظفر آباد کی تاریخ میں میں نے اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا،آزاد کشمیر کی تاریخ میں ایسا جذبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ میرا آپ کے ساتھ بھی خون کا رشتہ ہے ۔ مقبوضہ کے لو گوں کے ساتھ بھی خون کا رشتہ ہے ۔میں میں مقبوضہ کشمیر کے تمام بچوں، مجاہدین، بیٹوں، بیٹیوں کو کہنا چاہتا ہوں اپنے آپ کو اکیلا محسوس نہ کرنا، پوری قوم پہلے بھی آپ کے ساتھ تھی ، آج بھی ہے اور آنے والے کل بھی ساتھ ہوگی۔

نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جس طرح لوگ ظلم برداشت کر رہے ہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں، ہمارے دلوں کی دھڑکن آپ کے ساتھ ہے، آپ کے قدم سے قدم ملا کر ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بہادری اور جرأت کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں، آپ کا کوئی بال بیکا نہیں کرسکتا، آزادی کی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوگی، ہر فورم پر کشمیریوں کی بات کی ہے،کل بھی فرض انجام دیتے رہے اور جہاں جہاں ممکن ہوا کشمیریوں کا مسئلہ اٹھاتے رہیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ نااہل قرار دے دیا گیا ہوں، دل بہت دکھی ہے، دلی خواہش تھی اور آج بھی ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کرتا رہوں، کوئی فیصلہ اس رشتے کو نہیں توڑ سکتا۔نہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کے خلاف اس طرح کے فیصلے نہ آتے تو سب کے پاس با عزت روزگار ہوتا، سب کو رہنے کے لئے گھر ملتا اور لوگوں کو سستا و فوری انصاف ملتا، ہمارے پاس بہت پروگرام تھے جن پر پانی پھر گیا۔نواز شریف نے کہا 'پاکستان سے نااہل ہوگیا ہوں لیکن آزاد کشمیر کے لئے اہل ہوں، یہاں تو نااہل نہیں ہوا، جب تک وہاں فیصلہ نہیں ہوتا میری ڈیوٹی یہاں لگنی چاہیے، وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کے ساتھ مل کر آزاد کشمیر کے چپے چپے پر جا کر لوگوں کی خدمت کروں گا'۔

ویڈیو دیکھیں