فرانزک رپورٹ میں مردان کی 4 سالہ اسماء سے زیادتی کی تصدیق نہیں ہوئی: پی ٹی آئی رہنما کا دعویٰ

 فرانزک رپورٹ میں مردان کی 4 سالہ اسماء سے زیادتی کی تصدیق نہیں ہوئی: پی ٹی آئی رہنما کا دعویٰ

مردان : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی افتخار مشوانی نے دعویٰ کیا ہے کہ فرانزک رپورٹ میں مردان کی 4 سالہ اسماء سے زیادتی کی تصدیق نہیں ہوئی اور نہ ہی بچی کو قتل کیا گیا بلکہ اس کی طبعی موت واقع ہوئی۔

فرانزک رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کی رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے افتخار مشوانی نے کہا کہ ضلعی ناظم بچی کے ساتھ زیادتی کا الزام لگا کر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں۔

رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ پولیس منگل کو سپریم کورٹ میں فرانزک رپورٹ جمع کروائے گی، ساتھ ہی انہوں نے عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ دوسرے پوسٹ مارٹم کی ہدایات جاری کرے۔

اسماء کے والد بہرام خان نے بھی دعویٰ کیا کہ ان کی بچی سے جنسی زیادتی نہیں ہوئی اور بچی کو غسل دینے کے دوران بھی جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں تھا۔

یاد رہے کہ مردان کے گاؤں گوجر گڑھی کے علاقے جندر پار کی 4 سالہ بچی اسماء کی لاش 15 جنوری کو گھر کے قریب کھیتوں سے برآمد ہوئی تھی، جس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تصدیق ہوئی تھی کہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔