کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائے گی، صدر و وزیراعظم

کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائے گی، صدر و وزیراعظم
کیپشن: کشمیریوں کا جذبہ حریت اور حق خود ارادیت بڑھ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے الگ، الگ پیغام میں کہا کہ یقین ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائے گی۔

صدر مملکت عارف علوی نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ بھارت کا کشمیریوں پر ظلم دہشت گردی کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کا دوغلا پن شکوک و شبہات اُبھار رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پیلٹ گنز سے نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کشمیریوں کا جذبہ حریت اور حق خود ارادیت بڑھ رہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی 1990ء سے 5 فروری کو اہل کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منارہے ہیں جس کا مقصد بھارتی مظالم کا شکار کشمیری عوام کی حمایت ہے۔

کشمیری مسلمان اپنی جدوجہدِ آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اور اُن کی یہ جدوجہد پہلے ڈوگرہ راج کے خلاف اور پھر بھارت کے خلاف پچھلے کئی عشروں سے چلی آ رہی ہے۔