بھارت جتنی کوشش کر لے کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا، صدر مملکت

 بھارت جتنی کوشش کر لے کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا، صدر مملکت
کشمیر پر صرف کشمیریوں کا حق ہے اور اس کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں کو کرنا ہے، صدر عارف علوی۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

مظفر آباد: صدر پاکستان عارف علوی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اجلاس سے خطاب کے بھارت کے سامنے مطالبات رکھتے ہوئے کہا کہ بھارت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، بھارت آزادی اظہار کی اجازت دے تاکہ کشمیری اپنی بات کہہ سکیں۔


صدر عارف علوی نے کہا نہتے کشمیریوں پر آتشیں اسلحے کا استعمال بند کیا جائے، بھارت کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال بند کرے، جارحانہ کالے قوانین واپس لیے جائیں، بھارت کشمیری قیادت کو اپنا مقدمہ پیش کرنے کے لیے بیرون ملک جانے دے۔

صدر مملکت نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کے مبصرین کے لیے مقبوضہ کشمیر کے راستے کھولے جائیں تاکہ وہ خود جاکر کشمیر میں دیکھ سکیں اور بھارت عالمی و سوشل میڈیا کے لیے کشمیر کے رابطے کھولے۔

خطاب کے دوران صدر عارف علوی نے کہا کہ حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتی ہے اور کشمیری عوام کسی قوت کا تسلط تسلیم نہیں کرتے اپنا فیصلہ خود کریں گے۔ کشمیر پر صرف کشمیریوں کا حق ہے اور اس کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں کو کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدیوں سے کشمیری بھائی ظلم سہتے آئے ہیں اور بھارت جتنی کوشش کر لے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا جبکہ ظلم کا شکار کشمیری تاریخ رقم کرتے جا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جب بھی کارروائی کی جاتی ہے تو انٹرنیٹ سروس بند کر دی جاتی ہے اور وہاں ہونے والے ایک، ایک ظلم کی تصویر دنیا کے سامنے لانا ہو گی۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ گرداس پور پاکستان کے پاس آتا تو بھارت کا کشمیر سے رابطہ نہ ہو سکتا اور باؤنڈری کمیشن نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سازش کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلاتفریق حمایت کرتے ہیں اور بھارت میں ووٹ لینے کے لیے سیاستدان مسئلہ کشمیر کو فٹ بال بناتے ہیں۔ خود ساختہ مقابلے بنا کر بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نئی حکومت آئی تو بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا لیکن بھارت نے اسے رد کیا جس پر افسوس ہے۔