نواز شریف کو ہسپتال سے جیل منتقل کیے جانے کا امکان

نواز شریف کو ہسپتال سے جیل منتقل کیے جانے کا امکان
کیپشن: فوٹو بشکریہ: ٹوئیٹر

لاہور:نواز شریف کے ٹیسٹ پر مبنی رپورٹ محکمہ داخلہ کو موصول، سابق وزیراعظم کی بیشتر بیماریوں کا علاج پاکستان میں ممکن ہے۔

 

 تفصیلات کے مطابق ، سروسز ہسپتال میں زیر علاج نوازشریف کے تمام ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے۔ میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کی بیشتر بیماریوں کا علاج پاکستان میں ممکن ہے۔

 

اس سے قبل نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز دوپہر کا کھانا لے کر اسپتال پہنچیں، مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف واپس جیل جانا چاہتے ہیں، انکے ٹیسٹ ہو رہے ہیں، حتمی فیصلہ میڈیکل بورڈ ہی کرے گا۔

پارٹی رہنماؤں نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی،ان کی صحت کے حوالے سے لیگی رہنماؤں نے تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومتی وزرا کے بیان سے ہمیں مزید تکلیف پہنچتی ہے۔

 

دوسری جانب سربراہ میڈیکل بورڈ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا ہے کہ میڈٰیکل بورڈ نے اپنی تجاویز محکمہ داخلہ پنجاب کو بھیج دی ہیں، نواز شریف کے دل کا علاج سروسز ہسپتال میں ممکن نہیں، دل کے علاج کیلئے امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم  کوٹ لکھپت جیل میں سات سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جن کو خرابی صحت کے باعث جیل سے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔