پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپورانداز سے  منایا گیا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپورانداز سے  منایا گیا

اسلام آباد : پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر بھرپورانداز سے  منایا گیا ۔

پاکستان بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منایا گیا ، وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے یوم  یکجہتی کشمیر کے موقع پر چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا اور کشمیریوں سے  اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں نکالی  گئیں۔ 

کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے سائرن بجائے گئے جس کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس کے علاوہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے  پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے کہالہ پل پر منعقد ہوئی جہاں ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔

اعداد و شمار کےمطابق  1989 سے لے کر اب تک بھارتی فوج نے ظلم وستم کی تمام حدیں عبور کرتے ہوئے 95 ہزار سے زائد کشمیریوں کوشہید کردیا۔ 

انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بدترین عملی مظاہرہ دیکھنا ہو تو مقبوضہ کشمیر پر ایک نظر ڈال لیجئے جہاں دوران حراست شہید کئے گئے کشمیریوں کی تعداد 7ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ایک لاکھ 45 ہزارکشمیریوں کو گرفتار کیا گیا جن کا قصور صرف آزادی کا مطالبہ تھا۔

مقبوضہ کشمیرمیں دہائیوں سے جاری حق خودارادیت کی تحریک کچلنے کی تمام بھارتی کوششیں ناکام رہیں، ہزاروں کشمیری شہید ہوچکے ہیں، دہائیوں سے یہی داستان ہے مقبوضہ وادی کی جہاں ہردن کا آغاز ایک نئی امید اور اختتام کسی نہ کسی گھر میں بچھی صف ماتم پر ہوتا ہے۔

مقبوضہ وادی کو بھارت کے غیرقانونی قبضے سے چھڑوانے کی جدوجہد میں تقریباً 23 ہزار کشمیری خواتین بیوہ ہوگئیں، 11ہزار کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جب کہ ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد بچے یتیم ہوگئے۔

ایک طرف غیر انسانی ظلم و جبر تو دوسری طرف بھارتی سرکار کی ہٹ دھرمی اور بے حسی اس کے لئے باعث ذلت بن گئی ہے۔