سابق صدر  جنرل (ر)  پرویزمشرف انتقال کرگئے

 سابق صدر  جنرل (ر)  پرویزمشرف انتقال کرگئے

دبئی: سابق صدر  جنرل (ر)  پرویزمشرف انتقال کرگئے ہیں۔

سفارتی ذرائع  اور اہل خانہ کی جانب سے  سابق صدر  جنرل (ر) پرویزمشرف کے انتقال  کی تصدیق کردی گئی ہے ,پرویز مشرف طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے۔

 سابق صدر  جنرل (ر) پرویزمشرف  گیارہ اگست 1943 کو  دہلی میں پیدا ہوئے تھے، ان کا انتقال 79 سال کی عمر میں ہوا۔ ان کا خاندان 1947 میں نئی دہلی سے کراچی منتقل ہوا، پرویز مشرف  نے 1961 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا ، 7 اکتوبر 1998 کو بری فوج کے چیف آف سٹاف کے منصب پر فائز ہوئے۔پرویز مشرف نے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں بھی حصہ لیا۔

پرویز مشرف نے 1999 میں ملک میں مارشل لاء لگا کر چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالا  اور وہ 2001 سے 2008 تک صدر پاکستان کے عہدے پر براجمان رہے۔

سابق صدر پرویزمشرف نےنائن الیون حملے کےبعد فرنٹ لائن اتحادی بننے کی امریکی پیشکش قبول کی ، وہ  اپریل 2002میں ریفرنڈم کراکے باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے ، 2004 میں آئین میں 17ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کیلئے باوردی صدر منتخب ہوئے۔  بعد ازاں اسمبلیوں نے بھی اس فیصلے کی توثیق کردی تھی تاہم 9 سال بعد پرویز مشرف فوج کے سربراہ کے عہدے سے 28 نومبر 2007 کو سبکدوش ہوگئے اور 18 اگست 2008 کو دبئی چلے گئے تھے۔

 

پرویزمشرف کا  سب سے "پہلے پاکستان  "کا نعرہ   ان  کی پہچان بنا۔