سردیوں میں بالوں کے مسائل اور ان کے آسان حل

سردیوں میں بالوں کے مسائل اور ان کے آسان حل

اسلام آباد: سردی آتے ہی بال روکھے اور بے جان لگنے لگتے ہیں۔کبھی آپ نے سوچا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ جسطرح سردی آپکے جسم پر اثر انداز ہوتی ہے بالکل اسی طرح آپکے بال بھی اس سے متاثر ہوتے ہیں۔بالوں کی حفاظت اور انھیں غذا کی فراہمی کے ذریعے ہی بالوں کے مسائل سے چھٹکارا پایاجاسکتاہے۔جس طرح آپ کے جسم کو سردی اور گرمی کے مطابق غذا کی ضرورت ہوتی ہے بالکل اسی طرح آپکے بالوں کو بھی غذا کی ضرورت رہتی ہے۔اور وہ ضروریات پوری نہ ہونے پر آپکے بال سرد موسم کی زد میں آجاتے ہیں۔

سرد موسم کے اثرات سے بچاؤکے لئے ہیئر ٹریٹمنٹ
ہیئر ٹریٹمنٹ کے لئے ضروری نہیں کہ آپ پارلر جائیں بلکہ اپنے گھر پر ہی اپنی مدد آپ کے تحت آپ یہ طریقہ کار اپنا کر اپنے بالوں کو خوبصورت بنا سکتی ہیں۔

پروٹین ٹریٹمنٹ
ہفتے میں ایک دفعہ بالوں میں مایونیزلگائیں یا سرسوں کے تیل میں انڈے کی زردی مکس کرکے لگائیں اس سے بال بہت اچھے ہونگے۔

ہیئر ماسک
سردی کے باعث ہونے والے روکھے بالوں سے نجات کے لئے ایک کیلا،لیموں کارس چند قطرے،سرسوں کاتیل دو چمچ اور دہی دو چمچ اچھی طرح مکس کرکے لگالیں۔

ہیئر سیرم
جو اور گندم ابال کر اسکا پانی دو چمچ اور دو چمچ دہی اچھی طرح ملاکر بال دھونے سے آدھا گھنٹا پہلے لگالیں۔ہفتے میں دو دفعہ استعمال کریں۔خشکی،بالوں کاگرنا، اور روکھاپن سب کے لئے بہترین ہے۔

ہیئر بوٹوکس
کیلا ایک عدد،دہی اور بادام کاتیل دو دو چمچ اور شہد ایک چمچ اچھی طرح مکس کرکے اسکیلپ میں لگاکر ہلکا سامساج کنگھے کی مدد سے کریں اور شاور کیپ سے کور کرلیں۔آدھے گھنٹے بعد دھو لیں۔

گھر کاشیمپو
کسی بھی ٹریٹمنٹ کے بعد شیمپو نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔سیکاکائی کی پھلیاں پانی میں پکالیں جب اچھی طرح گھل جائیں تو اس سے سر دھولیں۔اسمیں اگر آپ چاہیں تو ریٹھا بھی ملاسکتی ہیں۔

سردیوں میں بالوں کے دیگر مسائل
سردیوں میں بالوں کے مخصوص مسائل کے پیش نظر آپ ذیل میں دیئے گئے طریقے اپناسکتی ہیں۔

بالوں کاگرنا
سردی میں بال خشک ہونے کے باعث بہت گرتے ہیں۔اس مسئلے سے نجات کے لئے نیم کے تیل میں سرسوں یا ناریل کا تیل ملاکر لگائیں ایک ہفتے میں بال گرنا رک جائیں گے۔

خشکی
سرسوں کاتیل آدھاپاؤ،گلاب کی پتیاں ایک مٹھی ،گیندے کے دو پھول،کڑی پتہ ایک مٹھی،تورئی ایک چھوٹی ان سب کو ملاکر اتنا پکائیں کہ تمام اجزاء جل جائیں۔یہ خشکی کے ساتھ ساتھ سفید بالوں کو بھی روکے گا۔

جوؤں کے لئے
سردی ہویاگرمی اسکول جانے والے بچوں کے جوئیں ہو ہی جاتی ہیں۔ان سے نجات کے لئے نیم کاتیل پچاس گرام اور سفید تل اور تارا میرا کاتیل پچیس پچیس گرام ملاکر رکھ لیں ۔اس تیل کے استعمال سے جوئیں نہیں ہونگی۔