بغیر میک اپ حسین نظرآنے کے 9 ٹوٹکے

 بغیر میک اپ حسین نظرآنے کے 9 ٹوٹکے

میک اپ کے بغیر خوبصورت نظر آناکوئی مشکل مرحلہ نہیں لیکن ننانوے فیصد خواتین میک اپ کی عادت میں اس حد تک مبتلا ہوچکی ہوتی ہیں کہ وہ میک اپ کے بغیر نزدیکی مارکیٹ تک جانے کا تصور بھی نہیں کرسکتیں، یاد رکھیں خوبصورتی میک اپ کی محتاج نہیں۔ ذیل میں چند ایسی اہم تجاویز پیش کی جارہی ہیں جن پر عمل پیرا ہوکر آپ بناءمیک اپ کے بھی خوبصورت نظر آسکتی ہیں۔

1۔ بھرپور نیند لیں:
اپنے جسم کو باقاعدہ آرام دینا بھی خوبصورت نظر آنے کا سبب بن سکتا ہے۔ اپنے جسم کو مکمل اور بھرپور نیند لینے کا عادی بنائیں۔ کیونکہ گہری نیند آپ کے چہرے کی خوبصورتی پر مثبت اثر ڈالتی ہے۔ کم نیند لینے کی وجہ سے آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے بننے لگتے ہیں اسکن تھکی اور مرجھائی ہوتی لگتی ہے۔ خوبصورت اور حسین نظر آنے کے لیے اپنے آپ کو روزانہ رات کی آٹھ گھنٹے نیند لینے کا پابند بنائیں اس کے مثبت اثرات آپ کی جلد پر بہت جلد نمایاں ہوں گے۔

2۔وٹامن سی کا استعمال کریں:
اپنی ڈائٹ میں وٹامن سی کو ضرور شامل رکھیں کیونکہ اس وٹامن میں اسکن کی حفاظت کے بے شمار اجزاءموجود ہوتے ہیں۔ صبح سویرے اُٹھنے کے بعد اگر ایک کپ یا گلاس اورنج جوس پی لیا جائے (اورنج وٹامن سی کا خزانہ کہلاتا ہے)تو یہ کپ نہ صرف آپ کے سوئے ہوئے حواسو ں کو بیدار کردے گا بلکہ یہ آپ کے ذہن کو بھی تازگی بخشے گا اس کا ترش ذائقہ جلد اور صحت دونوں کے لیے مفید ہے۔

3۔ایکسرسائز اور یوگا ضرور کریں:
روزانہ ایکسرسائز کرنا بھی آپ کے چہرے کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے اس سے آپ کو قدرتی خوبصورتی حاصل ہوتی ہے اور آپ کو کسی قسم کے مصنوعی میک اپ کی حاجت محسوس نہیں ہوتی۔ اس ضمن میں کئی ایکسرسائز کار آمد ثابت ہوسکتی ہیں جسے واکنگ، جاگنگ، اور سوئمنگ وغیرہ اس کے علاوہ یوگا ایسی بہترین ایکسرسائز ہے جس کے ذریعے آپ نہ صرف اپنی عمر پر کنٹرول حاصل کرسکتی ہیں بلکہ تادیر خوبصورت اور جواں بھی رہ سکتے ہیں ۔

4۔بالوں کا خیال رکھیں:
بال آپ کی شخصیت کا وہ اہم حصہ ہیں جو مجموعی طور پر خوبصورتی میں اضافہ کا سبب بنتے ہیں۔ چہرہ کتنا ہی صحت مند، صاف شفاف اور نکھرا ہوا کیوں نہ ہو اگر بال اُلجھے ہوئے، غیرصحت مند، روکھے اور سوکھے ہوں تو اسکن یا چہرہ کی خوبصورتی کوئی معنی نہیں رکھتی۔ اس لیے اپنے بالوں کی حفاظت کریں اس کے لیے بالوں کو روزانہ معیاری شیمپو سے دھونے کے بعد انہیں کنڈیشنر کریں۔ ہفتہ میں ایک سے دوبار تیل کا مساج کرنا بھی بالوں کی صحت کے لیے بہترین عمل ہوتا ہے۔

5۔ہونٹوں کا خیال رکھیں:
ہونٹ چہرے کا سب سے اہم حصہ ہوتے ہیں۔ اس لیے انہیں قدرتی طور پر خوبصورت نظرآنے کے لیے خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ہررات سونے سے پہلے ہونٹوں پر مساج کریں اور ایسا اپنے ٹوتھ برش کی مدد سے پانچ سے چھ منٹ کرنے کے بعد ہونٹوں کو دھولیں۔ اس کے بعد اچھی کوالٹی کا معیاری موئسچرائزر لگائیں آپ کو اس کے بعد کسی قسم کے میک اپ کی ضرورت نہیں رہے گی۔

6۔ بھنووں پر توجہ دیں:
آئی بروز پر بھی توجہ دیں میک اپ کے بغیر خوبصورت نظر آنے کے لیے بھنووں کامناسب ہونا ضروری ہے۔ ضرورت سے زیادہ باریک یا پتلی آئی بروز کسی بھی طرح خوبصورتی میں اضافہ نہیں کرتیں اس لیے پہلے بالوں کو مناسب طریقے سے اُگنے دیں اور اس کے لیے اولیو یا ناریل کے تیل کا مساج ہر روز صبح کے وقت کریں اس سے بال بڑھتے جائیں اس کے بعد کسی ماہر بیوٹیشن کی مدد سے آپ اپنے چہرے کی ساخت کی مناسبت سے انہیں بنوانا چاہیں تو بنوالیں گھنی اور موٹی آئی بروز ہردور میں فیشن کا حصہ رہی ہیں۔

7۔مرغن غذاﺅں سے پرہیز:
ہر قسم کے جنک فوڈ سے دور رہنا ہی آپ کی جلد کے لیے بہترین ہوسکتا ہے کیونکہ صحت مند جلد ہی خوبصورتی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ سوفٹ اور سوڈاڈرنکس سے بھی ہر ممکن طریقے سے دور رہیں۔ اس کی نسبت پھلوں کے جوس اور سبزیوں کو اپنے ڈائیٹ کا مستقل حصہ بنائیں۔ سیب، انار، اورنج، پالک، چقندر، گاجر ایسی قدرتی اشیاءہیں جو جلد کو صحت مند رکھنے میں سب سے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

8۔دھوپ سے بچیں:
سورج سے نکلنے والی الٹرا وائلٹ شعائیں جلد کو نقصان پہنچاتی ہیں یہ تو سب ہی جانتے ہیںاوریہ کہ ان سے رنگ بھی جلتا ہے۔البتہ یہ شاید سب کو نا معلوم ہو کہ سورج کی شعاﺅں کی وجہ سے جلد کے دیگر مسائل جیسے میلازما کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے جس سے مراد جلد پر سیاہ دھبے یا چھائیوں کا نمایاں ہو جانا ہے ۔ ایسے میں لازما کریم کا استعمال آپ کی جلد کو بنا میک اپ پھر سے دلکش بنانے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے ۔

9۔ چہرے کی صفائی:
٭ہر روز اپنا چہرہ دھوئیں، اگر آپ میک اپ سے چھٹکارہ پانا چاہتی ہیں تو اس فارمولے کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں۔ نہ صرف صبح بلکہ رات کے اوقات میں بھی چہرہ دھوئیں صبح وشام کا یہ عمل آپ کی جلد کو خوبصورت اور صحت مند بناتا ہے۔
٭روزانہ نہار منہ ایک کپ گرم پانی میں لیموں شامل کرکے پینا بھی جلد کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔
٭اپنی جلد کو غیر ضروری طور پر مت چھوئیں۔ اسکن کو باربار ہاتھوں سے چھونا اسے تباہ کردیتا ہے۔
٭ سب سے آخر میں سب سے اہم بات آپ ہمیشہ اس بارے میں پر اعتماد رہیں کہ آپ پر طرح سے خوبصورت ہیں۔ اور آپ کو کسی مصنوعی سہارے کی ضرورت نہیں۔