چین میں دلہا میاں دلہن کی قیمت سن کر پریشان

چین میں دلہا میاں دلہن کی قیمت سن کر پریشان

ویب ڈیسک :چین میں مرد دلہن کے گھر والوں کو رقم ادا کرتے ہیں اب چین کے سرکاری حکام اس کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ کسی طرح اس رقم کی ھد مقرر کر دی جائے۔گذشتہ کچھ دہائیوں سے چین میں یہ رواج عام ہو چکا ہے کہ مرد اپنی ہونے والی بیوی کے گھر والوں کو نقد رقم دیتے ہیں، ایک قسم کا الٹا جہیز۔
لیکن اس عرصے میں ’دلہن کی قیمتوں‘ میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، خاص طور پر ان غریب دیہی علاقوں میں مردوں کو بھاری رقوم ادا کرنا پڑ رہی ہیں جہاں ایسی خواتین کی تعداد کم ہے جن سے وہ شادی کر سکتے ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق اب کچھ علاقوں میں مردوں کو 14 ہزار امریکی ڈالر سے زیادہ نقدی دینا پڑ رہی ہے۔ہینان صوبے کے ایک علاقے کی مقامی انتظامیہ کی خواہش ہے کہ اس علاقے میں ان اخراجات میں کمی کی کوشش کی جائے۔
مقامی سرکاری حکام نے اس سلسلے میں جو ہدایات جاری کی ہیں ان میں کہا گیا ہے کہ ’دلہن کی قیمت‘ 60 ہزار یوئین سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔چائنا نیشنل ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ حکام نے جن لوگوں کی منگنیاں ہو چکی ہیں ان پر بھی زور دیا ہے کہ وہ سادگی سے شادیاں کریں۔ہدایات کے مطابق شادی کے دن استقبالیہ میں مہمانوں کے لیے دس سے زیادہ میزیں نہیں ہونی چاہئیں اور بارات میں زیادہ سے زیادہ چھ کاریں شامل ہونی چاہئیں۔