امریکا کا پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان

امریکا کا پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیدر نورٹ نے بتایا کہ حقانی نیٹ اور دیگر افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک معاونت معطل رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کن اقدامات کی صورت میں پاکستان کی امداد بحال ہو سکتی ہے جبکہ روکی جانے والی سیکیورٹی امداد کی مالیت کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

امریکا نے پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے مجموعی طور پر 10 ممالک کو واچ لسٹ میں شامل کیا ہے۔

اس فہرست میں پاکستان کے علاوہ شمالی کوریا، ایران، ارٹریا، چین، برما سوڈان، سعودی عرب، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف ٹوئٹ کے بعد سے تناؤ کا شکار ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سال کے پہلے روز ہی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دیکر حماقت کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی امداد کے بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں