بھارتی ریاست اترپردیش میں بھوک سے ایک شخص ہلاک،82 سالہ ماں کو کئی دنوں سے کھانا نہ ملا

بھارتی ریاست اترپردیش میں بھوک سے ایک شخص ہلاک،82 سالہ ماں کو کئی دنوں سے کھانا نہ ملا

بریلی:پاکستان کو آئے روز دھمکیاں دینے والی مودی سرکار اپنے ہی ملک کے لوگوں کی حالت زار ٹھیک نہ کرسکی اور ریاست اترپردیش کے شہر بریلی میں بھوک نے انسانوں کو نگلنا شروع کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بریلی سے 30 کلومیٹر فاصلے پر واقع کداریا اخلاص پور نامی گاﺅں میں کھانا نہ ملنے کی وجہ سے 42 سالہ نم چاند نامی شخص ہلاک ہوگیا جبکہ اس کی 82 سالہ بوڑھی والدہ کوکئی دنوں سے کھانا نہ مل سکا۔نم چاند کے ہمسائیوں کے مطابق نم حجام کے طور پر کام کرتا تھا مگر دو سال پہلے فالج کے حملے کے باعث وہ چارپائی کا محتاج ہوکر رہ گیا اور جبکہ وہ ایک خستہ حال جھونپڑی میں اپنی بوڑھی والدہ کے ساتھ قیام پذیر تھا۔

نم کی والدہ نے بتایاکہ چار روز قبل ہمارے ہمسائیوں کی طرف سے چپاتیاں دی گئیں اور وہ میں نے اپنے بیٹے کو کھانے کیلئے دی مگر اس نے شدید نقاہت کے باعث کچھ بھی کھانے سے انکار کردیا جبکہ گزشتہ دو دنوں سے کوئی بھی ہماری خیر خیریت دریافت کرنے کیلئے نہیں آیا اور آج صبح میرا بیٹا شدید بھوک کی وجہ سے موت کی وادی میں چلا گیا۔

یاد رہے بھارت میں لوگوں کو کھانا نہ ملنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھارتی فوجیوں کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر کی زینت بنتی رہی ہیں جن میں وہ ناقص کھانے کی شکایت کرتے نظر آتے رہے ہیں۔