سونم کپور نے رواں سال اپریل میں شادی کا فیصلہ کر لیا

سونم کپور نے رواں سال اپریل میں شادی کا فیصلہ کر لیا

ممبئی: بالی ووڈ کی مایہ ناز اداکارہ سونم کپور نے اپنے قریبی دوست اور بزنس مین آنند اہوجا کو اپنا ہمسفر منتخب کر لیا ، جبکہ وہ رواں برس اپریل میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کے قریبی دوستوں نے بتایا ہے کہ سونم کپور نے رواں سال اپریل میں شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اداکارہ کی شادی ان کے قریبی دوست آنند اہوجا کے ساتھ بھارتی ریاست راجستھان کے تاریخی شہر جودھ پور میں ہو گی جس میں خاندان کے قریبی افراد اور چند دوست شریک ہوں گے۔اداکارہ سونم کپور یا ان کے خاندان کی جانب سے شادی کی خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کپور خاندان شادی کی تیاریوں کو خفیہ رکھنا چاہتا ہے اور اسی لیے شادی کی تیاریوں کو سونم کے کزن موہت کی شادی قرار دے رہے تھے لیکن قریبی دوستوں نے سونم کی شادی کی اطلاع دے کر سارا بھانڈہ پھوڑ دیا ہے۔یاد رہے کہ اداکارہ سونم کپور اور آنند اہوجا کو 2 سالوں سے تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جارہا ہے۔