پاک فوج امریکی مالی امداد کے بغیر بھی طاقتور ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج امریکی مالی امداد کے بغیر بھی طاقتور ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ہمیں عزت کی قیمت پر سیکیورٹی امداد نہیں چاہیے اور پاک فوج امریکی مالی امداد کے بغیر بھی طاقتور ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کبھی بھی پیسے کے لیے نہیں بلکہ امن کیلئے لڑتا رہا اور ہمیں عزت کی قیمت پر سیکیورٹی امداد نہیں چاہیے، پاک فوج امریکی امداد کے بغیر بھی طاقتور فوج ہے، امریکی امداد کی معطلی کے باوجود دہشت گردی کے خاتمے کےلیے ہمارے عزائم غیر متزلزل ہیں۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی منعظم اور محفوظ پناہ گاہ نہیں، پاک فوج نے بلاتفریق حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیاں کیں اور پاکستان نے جانی و مالی نقصان سمیت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نیت پر شک کرنا خطے میں دیر پا امن کے لیے کوششوں کو نقصان پہنچائے گا جب کہ امریکی سیکیورٹی امداد کی معطلی باہمی تعاون اور خطے میں قیام امن کو متاثر کرے گی۔