برطانیہ میں وبا بے قابو، پورے ملک میں سخت ترین لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان

Corona spreads in UK, lockdown imposed again
کیپشن: فائل فوٹو

لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے نئے وائرس کے پھیلاؤ اور خطرات کے پیش نظر پورے ملک میں سخت ترین لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وائرس پر قابو پانے تک نئی پابندیاں نافذ رہیں گی۔

تفصیل کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وبا کی نئی قسم پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے، اس لئے انگلینڈ میں دوبارہ غیر معینہ مدت تک لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں وبائی کیسز بڑھنے لگے ہیں۔ صرف ایک دن میں 58 ہزار 784 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 407 اموات رپورٹ ہوئیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے مرنے والوں کی تعداد 75 ہزار 431 ہو گئی ہے۔

برطانوی وزیراعظم نے شہریوں کو گھروں میں رہنےکی ہدایت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ لندن میں تمام سکول بند رہیں گے، تسلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے آن لائن ایجوکیشن کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

دنیا بھر سے اکھٹے کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں وبا سے مزید 200، برطانیہ میں 407، امریکا میں ایک ہزار 528، جرمنی میں 527 اور روس میں 482 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

اموات میں حالیہ اضافہ سے بھارت میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد، برطانیہ میں 75 ہزار 400، امریکا میں 3 لاکھ 61 ہزار سے زائد، جرمنی میں 35 ہزار سے زائد اور روس میں 59 ہزار کے قریب ہو گئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں عالمی وبا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 2 کروڑ 32 لاکھ کے قریب، اموات کی تعداد 18 لاکھ 59 ہزار سے زائد جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 8 کروڑ 60 لاکھ ہو چکی ہے۔ رپورٹس ہیں کہ عالمی سطح پر اب تک 6 کروڑ سے زائد مریض اس موذی مرض کو شکست دے چکے ہیں۔