پاکستان اور کشمیر میں آج یوم حق خود ارادیت منایا جا رہا ہے

پاکستان اور کشمیر میں آج یوم حق خود ارادیت منایا جا رہا ہے
سورس: File

سرینگر: دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خود ارادیت اس تجدید عہد کے ساتھ منارہے ہیں کہ بھارتی تسلط سے تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جدوجہد آزادی کو جاری رکھا جائے گا۔

 اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 5 جنوری 1949 کو ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا گیا تھا۔

تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ 73 سال سے زائد گزرنے کے باوجود عالمی ادارہ اپنی منظور کردہ قراردادوں پر ابھی تک عمل درآمد نہیں کرا سکا ہے جس کی وجہ سے کشمیری مسلسل شدید مشکلات کا شکار ہیں اور بھارت کشمیریوں کو اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پر بدترین ریاستی دہشت گردی اور مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔

یہ دن منانے کا مقصد عالمی برادری کو اس بات کی یاد دہانی کرانا ہے کہ سات دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قرارداد وں پر عملدرآمد نہیں ہوا ہے۔

آج دنیا بھر میں ریلیوں، سیمیناروں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ اقوام متحدہ کو یاد دلایا جاسکے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور کشمیریوں کو بھارتی جبر و استبداد سے نجات دلائے۔