پاکستانی ائیرلائنز پر پابندیاں ختم، امریکہ، برطانیہ اور یورپ کیلئے پروازیں جلد شروع ہونے کا امکان

پاکستانی ائیرلائنز پر پابندیاں ختم، امریکہ، برطانیہ اور یورپ کیلئے پروازیں جلد شروع ہونے کا امکان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) کی جانب سے کیا گیا سیفٹی آڈٹ کلیئر کر لیا ہے جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز جلد ہی امریکہ، برطانیہ اور یورپ کیلئے پروازیں شروع کر دیں گی۔ 
انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) اقوام متحدہ کی ایوی ایشن باڈی ہے جس نے جعلی لائسنس کا معاملہ سامنے آنے پر گزشتہ سال ستمبر میں پاکستان کو نئے لائسنس کے اجراءکی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی تھی۔

جعلی لائسنس کا معاملہ گزشتہ سال مئی میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز ( پی آئی اے) کا طیارہ تباہ ہونے کے بعد سامنے آیا تھا اور اس حادثے میں 97 مسافر اور عملے کے افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 
جعلی لائسنس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پائلٹس کو پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا جبکہ یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے اس سکینڈل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پاکستانی ائیرلائنز کے ’تھرڈ کنٹری آپریٹر‘ (ٹی سی او) کے اجازت نامے منسوخ کر دئیے تھے۔ 
اسی طرح امریکہ نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کو کیٹیگری 2 میں شامل کر دیا تھا جس کا مطلب ہے کہ پاکستان کا کوئی بھی طیارہ امریکہ داخل نہیں ہو سکتا۔ 
انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈینس گوئنڈن نے 4 جنوری کو سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) خاقان مرتضیٰ کو لکھے گئے خط میں کہا کہ کمیٹی نے گزشتہ سال دسمبر میں آڈٹ کیا جس دوران یہ بات سامنے آئی کہ پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے باعث اہم حفاظتی اقدامات سے متعلق تحفظات دور ہو گئے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں