مریم صفدر مسلسل آزادی صحافت پر حملے کر رہی ہیں: شہباز گل

مریم صفدر مسلسل آزادی صحافت پر حملے کر رہی ہیں: شہباز گل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم صفدر کی آڈیو کو 24 گھنٹے ہو چکے ہیں اور وہ مسلسل آزادی صحافت پر حملے کر رہی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مریم صفدر بغیر کسی حکومتی عہدے کے یہ کام کیسے کر رہی ہیں؟ انہوں نے سینئر صحافیوں کے خلاف غیر اخلاقی الفاظ کہے لیکن جب ہم سخت طریقے سے بات کریں تو گالم گلوچ کہا جاتا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صحافتی تنظیم نے مریم نواز شریف کی آڈیو لیک ہونے کے بعد مریم نواز شریف کے خلاف آواز بلند نہیں کی، بات اب ٹوکریوں تک جا پہنچی ہے مگر صحافی تنظیمیں خاموش کیوں ہیں؟ صحافی تنظیموں کو اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔آج میری پریس کانفرنس کا مقصد صحافی برادری سے یہ پوچھنا ہے کہ آخر اتنی خاموشی کیوں ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف اور پرویز رشید کے درمیان گفتگو پر مبنی آڈیو لیک ہوئی جس میں دونوں کے درمیان نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہونے والے صحافیوں سے متعلق گفتگو کی گئی۔

لیک ہونے والی آڈیو میں ایک جگہ پرویز رشید کہتے ہیں کہ نجی ٹی وی نے مسلم لیگ (ن) کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے تمام افراد کو نکال کر جماعت کیخلاف بولنے والے صحافیوں کو بٹھا لیا ہے۔ 
شہباز گل کا کہنا تھا کہ پہلی آڈیو میں مریم نواز شریف مختلف میڈیا چینلز کے اشتہارات بند کرنے کا کہتی ہیں جبکہ دوسری آڈیو میں وہ ان چینلز کے بارے میں بات کرتی ہیں جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کنٹرول میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آڈیوز لیک ہونے کے بعد چینلز مریم نواز شریف کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجتے یا پھر کم از کم ایک خط لکھ کر اپنی غیر جانبداری کا اظہار کرتے۔