وزیراعظم نواز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان روانہ

وزیراعظم نواز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف تاجکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر آج صبح اسلام آباد سے دوشنبے روانہ ہو گئے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وفاقی وزرا خواجہ آصف، خرم دستگیر اور اعلیٰ عہدیداروں سمیت اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔

وزیراعظم صدر امام علی رحمانوف کی دعوت پر تاجکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران دونوں ملکوں رہنما مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور علاقائی اور عالمی امورپر تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستان اور تاجکستان علاقائی اور عالمی امور پر یکساں خیالات رکھتے ہیں اور دونوں ملک بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں۔

دورے کے دوران دونوں ممالک 'علاقائی یکجہتی کے لیے اسٹریٹجک تعاون کی جانب سفر' کے عنوان سے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کریں گے جبکہ مشترکہ بزنس کونسل کے ایک اجلاس میں دو طرفہ تجارت اور کاروباری روابط بڑھانے کے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں